لاہور: پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں رویے کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو ایشیا کپ میں مزید میچز نہیں کھیلے جائیں گے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی پر واضح کیا ہے کہ اگر میچ ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید میچ نہیں کھیلے گا۔ پاکستان نے ایشیا کپ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔پی سی بی نے آئی سی سی کو تفصیلی خط لکھ دیا ہے جب کہ ایشیا کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی نے بھی معاملے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے بھارتی ٹیم پر جرمانہ عائد کیے جانے کا امکان ہے۔پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی سے شکایت کی ہے، میچ ریفری نے کرکٹ کی روح کے خلاف قدم اٹھایا۔محسن نقوی نے کہا کہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ ریفری کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کرائی گئی، پی سی بی نے ایشیا کپ سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کو اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرنا چاہیے، بھارت نے کرکٹ کے میدان میں بھی بہت برا کام کیا، بھارتی کرکٹ ٹیم کے اقدامات سے کرکٹ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔کرکٹر محمد عرفان نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو کھیل میں سیاست نہیں لانی چاہیے، کھیل کے میدان میں ایسی برے حرکتیں نہیں کرنی چاہیے، آئی سی سی کو اس اقدام پر ایکشن لینا چاہیے، پاکستان کو مضبوط موقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔








Leave a Comment