وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ وزیراعظم شہبازشریف کی نریندر مودی کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد صرف سفارتی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بھارت کی کشیدگی کی سب سے بڑی وجہ تنازع کشمیر ہے، بھارت کو مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو واپس بحال کرنا ہوگا، اس کے بعد بھارت سے بات چیت ہو سکتی ہے۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ مودی کوانتخابات میں اکثریت نہیں ملی جس وجہ ان کا تکبرکم ہوا ہے، مودی حکومت اب اتحادیوں پر انحصار کرےگی اور امید ہے مودی اب اپنی اوقات میں آئیں گے۔
تحریک انصاف سے مذاکرات کے حوالے سے وزیر دفاع کا کہناتھاکہ سوشل میڈیا پر بیانیہ بنایا جارہاہےکہ مذاکرات کرنے ہیں، نوازشریف اور آصف زرداری مذاکرات کی بات کرچکے ہیں لیکن بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے مذاکرات کروں گا اور ادارے کو گالیاں دیتے ہیں، میرا خیال ہے کہ اس طرح مذاکرات کا کوئی چانس نہیں۔


Leave a Comment