آئے دن تنازعات کا شکار رہنے والی بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنا موازنہ انڈسٹری کے بڑے سُپر اسٹارز سے کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
حال ہی میں کنگنا رناوت کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں اپنا موازنہ امیتابھ بچن سے کرتے سنا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ رواں برس بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ٹکٹ پر بھارت میں ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے جارہی ہیں، اسی سلسلے میں وہ ان دنوں سیاسی ریلیوں اور جلسوں میں مصروف ہیں۔
تازہ وائرل ویڈیو میں کنگنا رناوت کو انتخابی ریلی کے دوران یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ‘سارا دیش حیران ہے کہ وو کنگنا، چاہیں راجستھان چلے جاؤ، چاہے مغربی بنگال چلے جاؤ، چاہے دہلی چلے جاؤ، چاہے منی پور چلے جاؤ، ایسا لگتا ہے کہ مانو اتنا پیار اور اتنا سمان (عزت)، میں دعوے سے کہہ سکتی ہوں کہ امیتابھ بچن جی کے بعد آج کسی کو انڈسٹری میں ملتا ہے تو مجھے ملتا ہے’۔
سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے دعوے کا مذاق اڑاتے ہوئے اسے خودپسندی کی انتہا قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ‘انہیں امیتابھ بچن کے بجائے اپنا موازنہ مودی سے ہی کرنا چاہیے’۔
سیاسی کیریئر کے آغاز کے ساتھ ساتھ کنگنا نے بالی ووڈ میں کام کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے، اُن کی اگلی فلم ‘ایمرجنسی’ میں وہ بھارت کی سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کا کردار ادا کررہی ہیں۔
چند ہفتے قبل اداکارہ کا ایک اور مضحکہ خیز دعویٰ سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے اپنا موازنہ بالی ووڈ کنگ اداکار شاہ رخ خان سے کیا تھا۔
ایک انٹرویو میں کنگنا رناوت سے یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے سیاست میں آنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ ان کی فلمیں باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہیں؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے کنگنا نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ وہ فلموں کی ناکامی کی وجہ سے سیاست میں قدم رکھنے جا رہی ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ ایسا ہرگز نہیں ہے، دنیا بھر میں کوئی بھی اداکار ایسا نہیں ہے جس کی کبھی کوئی فلم فلاپ نہ ہوئی ہو، شاہ رخ خان کی بھی فلمیں مسلسل 10 سال تک فلاپ ہوئیں پھر پٹھان سُپر ہٹ ہوئی۔
ساتھ ہی کنگنا رناوت نے اپنا موازنہ شاہ رخ خان سے کرتے ہوئے یہ دعویٰ بھی کردیا تھا کہ شاہ رخ خان اور میں، ہم سُپر اسٹارز کی آخری نسل ہیں اور خدا کا شکر ہے کہ ہماری اب بھی بہت ڈیمانڈ ہے۔


Leave a Comment